اسلام آباد، طیارہ حادثہ، میتوں کی شناخت میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، طارق فضل چوہدری
اسلام آباد میں پمز اسپتال کے با ہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت
برائے کیڈ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ طیارہ حادثے میں قیمتی انسانی جانوں
کے ضیاع پر دکھ ہے، حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے، وزیراعظم کی خصوصی
ہدایت کی مطابق لواحقین کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں پمز
اسپتال میں معلومات کے لئے خصوصی مرکز قائم کردیا گیا ہے۔
وزیر مملکت کا مز ید کہناتھا کہ ہماری کوشش ہے کہ میتیں جلد از جلد لواحقین
کے حوالے کردی جائیں، 5 میتوں کی ایوب میڈیکل کمپلیکس میں شناخت ہوگئی ہے
جب کہ دیگر میتیں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے اسلام آباد منتقل کی جارہی ہیں،
میتوں کو پہلے پمز لایا جائے گا ،جہاں سے انہیں وفاقی دارالحکومت کے 4
اسپتالوں کے سرد خانوں میں منتقل کیا جائے گا، لواحقین ڈی این اے کے لیے
پمز اسپتال تشریف لائیں، جہاں لواحقین کی ڈی این اے سیمپلنگ کی جائے گی ،
جس کی رپورٹ آنے میں 6 سے 7 دن لگ سکتے ہیں۔