اسلام آباد ، پی آئی اے طیارہ حادثہ؛ میتیں اسلام آباد پہنچا دی گئیں
حویلیاں میں گزشتہ روز حادثے کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے بد قسمت
طیارے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اپنے پیاروں کی میتیں وصول
کرنے کے لئے اسلام آباد پہنچنا شروع ہو چکے ہیں۔ معروف نعت خواں جنید جمشید
کے بھائی دیگر افراد کے ہمراہ پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد
پہنچے جہاں انہیں پی آئی اے حکام کی جانب سے تمام تر معلومات فراہم کی گئیں
جب کہ لواحقین کے تمام سفری اخراجات بھی پی آئی اے ہی برداشت کر رہا ہے۔
دوسری جانب طیارے کے حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی میتیں ایبٹ آباد
سے آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے اسلام آباد اسپورٹس کمپلیکس پہنچا دی گئی
ہیں جہاں سے انہیں ایمبولینسز کے ذریعے پمز اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
پمز اسپتال کے حکام کے مطابق ڈی این اے کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کی
جائیں گی جب کہ اس حوالے سے اسپتال میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کر دی گئی
ہے۔
دوسری جانب چیرمین پی آئی اے اکرم سہگل نے جاں بحق افراد کے ورثا کو فوری
طور پر 5، 5 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان کیا ہے جو میتوں کی تدفین کے
عمل میں خرچ ہوں گے جب کہ انشورنس کی مد میں 50 لاکھ روپے بعد میں ورثا کے
حوالے کئے جائیں گے۔