کراچی ، ایم کیو ایم لندن کا لیاقت علی خان چوک میں احتجاج ، رینجرز نے متعدد کارکن گرفتار کر لئے
ایم کیو ایم لندن کے کارکنوں نے لیا قت علی خان چوک پر احتجاج کیا ،
رینجرز نے متعدد کارکنوں کو حراست میں لے لیا ، ایم کیو ایم لندن کی جانب
سے آج جناح گراؤنڈ میں یوم شہدا منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
جناح گراؤنڈ اور اس کے اطراف پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات تھی ،
خواتین کارکنوں نے لیاقت علی خان چوک کے سامنے پہنچ کر قرآن خوانی شروع
کردی ۔ ایم کیو ایم لندن کی جانب سے آج جناح گراؤنڈ کے احاطے میں واقع
یادگار شہدا پر یوم شہدا منانے اور وہاں پھول چڑھانے اور فاتحہ خوانی کے
اعلان کے بعد صبح سے جناح گراؤنڈ اور نائن زیرو کے اطراف فول پروف سیکورٹی
انتظامات کئے گئے تھے ۔
جناح گراؤنڈ اس کے اطراف پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات تھی ۔
یادگار شہدا کے داخلی راستے پر بکتربند گاڑی کھڑی کردی گئی تھیں اور عائشہ
منزل سے لیاقت علی خان تک رینجرز کے گشت میں اضافہ کردیا ۔
نماز جمعہ کے بعد ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والی خواتین لیاقت علی
خان چوک کے سامنے ہوگئیں ۔ رینجرز نے انہیں آگے جانے سے روک دیا تو خواتین
چوک کے سامنے ہی بیٹھ گئیں اور قرآن خوانی شروع کر دی ۔ وہاں رینجرز کی
خواتین اہلکار تعینات کر دی گئیں ۔ کارکنوں نے لیاقت علی خان میں پوسٹرز
اور جھنڈا لگانے کی کوشش کی جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا ۔