کراچی، پاک بحریہ کی 106 ویں اور 15ویں شارٹ سروس کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ
ایئر
چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ ملک کے دفاع کے حوالے سے مسلح افواج کا
کردار نہایت اہم ہے جبکہ دشمنوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔
کراچی میں پاک بحریہ کی
106 ویں اور 15ویں شارٹ سروس کورس کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے
ایئر چیف مارشل سہیل امان کا مزید کہنا تھا کہ کیڈٹس شاندار روایات برقرار
رکھنے کیلئے کوشاں رہیں اور ملکی سرحدوں کی جان سے بڑھ کر حفاظت کریں۔پاک
بحریہ ملک کے دفاع کیلئے کوشاں ہے۔ملک کے دفاع کیلئے مسلح افواج کاکردار
انتہائی اہم ہے، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاذوں پر بڑے چیلنجز کا
سامنا ہے لیکن ہم کسی بھی مہم جوئی کا جواب اچھی طرح دینا جانتے ہیں اور
دہشت گردی کے خلاف آپریشن ضرب عضب میں بڑی کامیابیاں حاصل کیں۔
ایئر
چیف مارشل سہیل امان کا کہنا ہے کہ اقتصادی راہداری کیلئے گوادر پورٹ بہت
اہمیت رکھتا ہے، سی پیک کے تناظر میں ساحلی پٹی کی سیکیورٹی مزید اہم ہوگئی
ہے، ہمسائیہ ملکوں سے پرامن تعلقات کے خواہاں ہیں جبکہ دشمنوں کو شکست
دینے کیلئے پرعزم ہیں۔ پاکستان اپنی تاریخ کے نازک دور سے گزررہا ہے،
روایتی خطرات غیر متوازن انداز میں بڑھتے جارہے ہیں جبکہ ہمیں ایک ایسے
دشمن کا سامنا ہے جس کی کوئی واضح شکل موجود نہیں۔
پاسنگ آئوٹ پریڈ میں 70 افسران نے کمیشن حاصل کیا اور ایئر چیف نے پاک بحریہ میں کمیشن حاصل کرنے والوں کو مبارکباد دی۔
پاس آئوٹ ہونے والوں میں 2 خواتین کیڈٹس سمیت یمن کا ایک کیڈٹ بھی شامل ہے۔