پشاور، عمران وزارت عظمیٰ کی نہیں جلد تیسری شادی کی شیروانی پہنیں گے، امیر مقام
وزیر اعظم پاکستان کے سیاسی مشیر انجینئر امیر مقام کا کہنا ہے کہ عمران
خان وزارت عظمیٰ کی نہیں بلکہ جلد تیسری شادی کی شیروانی پہنیں گے، سونامی
ٹری پلانٹیشن کی بدولت وزیر اعلیٰ پرویز خٹک اور وزراء کے اکاؤنٹ میں
سونامی جیسی تبدیلی آئی ہے، پاناما کیس میں جھوٹ کے پلندے کے ذریعے خان
صاحب اپنی سیاسی ساکھ قائم رکھنا چاہتے ہیں۔
پشاور پریس کلب میں ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر
اعظم کے سیاسی مشیر انجینئر امیر مقام کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تبدیلی
ڈسپوزایبل ہے، صوبے کی عوام کے مسائل جوں کے توں ہیں اور خان صاحب کو کوئی
احساس نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان یوٹرن کے ماہر ہیں،وہ دھرنوں کا سہارا لے کر
سیاسی رہنماؤں کی پگڑیاں اچھالتے ہیں، پاناما لیکس کے حوالے سے پی ٹی آئی
کے پاس کوئی ثبوت نہیں، صرف شور مچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے استفسار کیا کہ خیبر پختونخوا میں کہاں دودھ اور شہد کی نہریں
ہیں، عمران خان نے صوبے کی عوام کو بے وقوف بنایا لیکن اب عوام بھی جان گئے
ہیں۔ اس سے قبل امیر مقام نے سانحہ حویلیاں کے شہداء کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر چارسدہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی کے رہنماء میاں شاہد نے
اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔