صوابی، پاک چین اقتصادی راہداری سے
پاکستانی معیشت مزید مضبوط ہو گی، صدر مملکت ممنون حسین
صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے
پاکستانی معیشت مزید مضبوط ہو گی اور آنے والا وقت پاکستان کی ترقی کی نئی
راہیں کھول دے گا۔ وسط ایشیا اور پورا خطہ نئے امکانات سے مستفید ہونے کے
لئے پاکستان کی طرف امید بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے۔
غلام اسحاق خان
انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی میں
منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ممنون حسین کا مزید کہنا تھا کہ
سی پیک سے فائدہ اٹھانے کے لئے خطے کے دیگر ممالک نے بھی اپنی آمادگی
ظاہر کی ہے جس سے اس منصوبے کی اہمیت کا اندازہ کیا جا سکتا ہے۔
صدر مملکت
نے کہا کہ ہنر مند طلبا و طالبات کے لئے پاکستان میں آگے بڑھنے کے بے پناہ
مواقع موجود ہیں اور سی پیک کی شکل میں ہماری نوجوان نسل اس سے بھر پور
استفادہ کر سکتی ہے۔
معاشرے میں بدعنوانی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ
کرپشن نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کیا، اس کے خاتمے کے لئے اداروں کے ساتھ
ساتھ ہم سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔
تقریب میں گورنرخیبرپختونخوا اقبال ظفر
جھگڑا، ریکٹر غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی
جہانگیر بشر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر شکیل درانی، انجینئر شمس الملک
صدرسوسائٹی برائے فروغِ انجینئرنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے علاوہ طلبا و
طالبات کے علاوہ معزز مہمانوں کی ایک بڑی تعداد شریک تھی۔