اسلام آباد، قائد کے افکار کی روشنی میں حکومت نے وژن 2025ء تشکیل دیا، احسن اقبال
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ قائد کے افکار کی روشنی
میں حکومت نے وژن 2025ء تشکیل دیا۔ چند نام نہاد دانشور ملک کے نوجوانوں کو
مایوسی کا درس دے رہے ہیں۔ ملک میں مثبت سوچ کو فروغ اور مایوسی کی آواز
کو شکست دینا ہوگی۔ قائد کے اصولوں سے روگردانی کی وجہ سے پاکستان کاآدھا
حصہ چھن گیا، موجودہ حکومت عوام کو خوشحال کرنے کا قائد کا خواب پورا کرے
گی۔
پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹ کے زیر اہتمام قائد اعظم محمد علی جناح کی
سالگرہ کے موقع پر سات روزہ تقریبات کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے
وفاقی وزیر احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کا انحصار
اس کے بنیادی اصولوں پر ہوتا ہے، نوجوانوں کو قائد اعظم کے افکار سے روشناس
کرانے کیلئے پروگرام بنایا ہے، قائد اعظم کی قیادت دستیاب نہ ہوتی تو قیام
پاکستان کا خواب ادھورا رہ جاتا، معاشرے چند افراد ہوتے ہیں جو تاریخ کا
دھارا تبدیل کرتے ہیں۔ قائد اعظم نے پاکستان کے قیام سے تاریخ کا دھارا
تبدیل کیا۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کا ہدف پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانا
تھا، ایک معاشی طور پر مضبوط قوم قائد اعظم کے بنیادی اصولوں میں شامل ہے۔
ماضی میں پاکستان میں قائد اعظم کے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کیا گیا۔
قائد کے اصولوں سے روگردانی کی وجہ سے پاکستان کا آدھا حصہ چھن گیا۔ قائد
اعظم ملک میں عوام کی حکمرانی کے اصول پر یقین رکھتے تھے۔ ملک میں امن،
بھائی چارے اور واداری وقت کی ضرورت ہے۔ قائد کے افکار کی روشنی میں حکومت
نے وژن 2025ء تشکیل دیا۔ چند نام نہاد دانشور ملک کے نوجوانوں کو مایوسی کا
درس دے رہے ہیں۔ ملک میں مثبت سوچ کے فروغ اور مایوسی کی آوازوں کو شکست
دینا ہوگی۔ پاکستان کے حالات بہتری کی طرف جارہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 19
سے 25 دسمبر تک قائد کی سالگرہ منانے کیلئے تقریبات ہوں گی۔ قائد کے وژن
کو معاشرے میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ قائد کے وژن کو اسکولوں تک پہنچانے
کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ پاکستان کو قائد کے وژن کے مطابق بنانے کیلئے ہر
فرد اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے لوک ورثہ
میں تقریبات ہوں گی۔