سیہون شریف ،وزیر اعظم نواز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس
سیہون شریف میں وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں اجلاس ہوا ، جس میں
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان،
وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر محمد زبیر اور
دیگر اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام شریک تھے۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری سندھ
نے وزیراعظم نواز شریف کو مزار پر کئے گئے سیکیورٹی اقدامات اور گزشتہ روز
ہونے والے خودکش دھماکے سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ امن و خوشحالی کی منزل پر ہرقوم کو ظلم و بربریت کا
سامنا رہا ہے، ہم گزشتہ کئی برسوں سے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے لڑ رہے
ہیں ، ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دیں، یہ متحد رہ
کرملک دشمن عناصر سے لڑنے کا وقت ہے، یہ جنگ ہم اپنی اعلیٰ اقدار کے تحفظ
کے لئے لڑ رہے ہیں، یہ جنگ ختم ہو گی اور اس میں ہماری فتح ہو گی، ہمیں
متحد رکھنے والی مثبت اقدار ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ فوج اورسیکیورٹی ادارے
دشمن کو نیست و نابود کردیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے مزید کہا ہے کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ آنے والی نسلوں
کو روشن مستقبل دیں اس لیے فوج اورسکیورٹی ادارے دشمن کو نیست و نابود
کردیں۔