لاہور، سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی نیب عدالت میں پیشی
نیب عدالت میں آج سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف پیش ہوئے۔ راجہ پرویز اشرف
کے خلاف گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں پر نیب میں مقدمہ داخل کیا گیا ہے۔
عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت گیارہ مارچ تک ملتوی کردی ہے۔
عدالت کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز
اشرف کا کہنا تھا کہ نیب میں یہ مقدمہ داخل کیا گیا ہے کہ سال 2008ء اور
2009ء میں وزارت پانی وتوانائی میں پیپکو انتظامیہ کی جانب سے چار گریڈ کے
غریب لوگوں کو نوکریاں دی گئیں اور بعد میں وہ چیلنج ہوئیں جس پر نیب میں
یہ مقدمہ بنادیا گیا۔
راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے کہ غریب لوگوں
کو روزگار دینے پر واویلا مچاکر اسے جرم بنادیا گیا اور سابق وزیر اعظم کو
یہاں پر لاکر کھڑا کردیا گیا ہے جبکہ بڑے بڑے الزامات والے لوگ اپنی
کرسیوں پر آج بھی تشریف فرما ہیں۔ نہ تو نیب ان سے پوچھتی ہے اور نہ ایف
آئی اے ان سے پوچھتا ہے اور عدالت بھی ان سے نہیں پوچھتی ہے۔ یہ دوہرا
معیار ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی عدالتوں کا احترام کرتی ہے۔ شہید ذوالفقار
علی بھٹو ، شہید بے نظیربھٹو ، آصف علی زرداری، یوسف رضا گیلانی اور
میں بھی عدالتوں کا احترام کررہا ہوں۔ ہمیں اس میں کوئی عار نہیں ہے۔ ہم
عدالت میں بھی آجاتے ہیں۔