Feb 18, 2017 01:38 pm
views : 744
Location : Sindh Madressatul Islam University
Karachi- President Mamnoon Hussain addresses to Ceremony
کراچی، دیدہ اور نادیدہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، صدر مملکت ممنون حسین
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ
کے مادر علمی کے پہلے کانووکیشن کا انعقاد سندھ مدرسۃ الاسلام کی تاریخ کا
ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔
سندھ مدرسۃ الاسلام کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کے دوران صدر مملکت ممنون
حسین کا مزید کہنا تھا کہ دو روز قبل سیہون شریف اور اس سے قبل لاہور،
پشاور، بلوچستان اور مہمند ایجنسی میں رونما ہونے والے واقعات کا ذکر بھی
ضروری ہے جہاں بے رحم دہشت گردوں نے درجنوں جیتے جاگتے انسانوں ، عورتوں
اور بچوں کو موت کی نیند سلادیا۔ ہم سیہون شریف سمیت ملک کے مختلف حصوں میں
شہید ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ دکھ کی ان
گھڑیوں میں وہ تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے
اور شہیدوں کی بلندی درجات، لواحقین کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت
یابی کیلئے دعاگو ہے۔
صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی تازہ لہر میں کراچی میں ایک
جواں سال صحافی بھی شہید ہوئے ہیں۔ ہم ان کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کرتے
ہیں۔ ہم ان تمام اہل خانہ کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے لواحقین کی قربانیاں
رائیگاں نہیں جائیں گی اور ان کے خون کا حساب بھی چکایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے ساتھ ہی ہم دیدہ اور نادیدہ دشمن پر بھی واضح کرتے
ہیں کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہے۔ پاکستانی قوم اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی
رضا کے حصول اور بنی نوع انسان کے مستقبل کے تحفظ کیلئے اس ظلم کا حساب لے
گی اور دہشت گردوں کو ان کے سرپرستوں سمیت کمین گاہوں سے نکال کر انصاف کے
کٹہرے میں پہنچایا جائے گا۔