پشاور،پاکستانی قوم کا عزم ہے کہ اس دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرکے رہیں گے، انجینئر امیر مقام
وزیر اعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی بھرپور مذمت کی ہے۔
پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام کا کہنا تھا
کہ پاکستان تیزی سے آگے جارہا ہے ۔ ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے۔ اسٹاک
ایکسچینج کا انڈیکس نفسیاتی حد عبور کررہا ہے۔ ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ
ہورہا ہے۔ ملک میں ترقیاتی اور توانائی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری
ہے۔ سی پیک بعض لوگوں سے ہضم نہیں ہورہا۔ ہمارے دشمن صرف ہماری جماعت کے
دشمن ہی نہیں ہیں۔ ملک کی ترقی کے بھی دشمن ہیں اور انہوں نے افغانستان کو
اڈہ بنایا ہوا ہے اور دشمنوں کا بھارت بھی بھرپور ساتھ دے رہا ہے۔
امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ منظم سازش اور منصوبہ بندی کے تحت عدم
استحکام پھیلایا جارہا ہے۔ سیکیورٹی فورسز اور عوام نے بہت قربانیاں دی
ہیں۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور پاکستانی قوم کا بھی عزم ہے کہ اس دہشت گردی
کے ناسور کو ختم کرکے رہیں گے۔