لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی کی ملاقات
لاہورمیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ
جنرل صادق علی نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وزیر اعلی پنجاب اور کورکمانڈر
لاہور کی جانب سے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔
ملاقات میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔دہشت
گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج اورپولیس کے افسروں و جوانو ں کی عظیم
قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔شہید ہونے والے دیگر افراد کی لازوال
قربانیو ں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا کہناتھا کہ اپنا آج ملک و
قوم کے کل کیلئے قربان کرنے والے پوری قوم کے ہیرو ہیں۔قوم کو شہداء کی
لازوال قربانیوں پر ناز ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے لازوال
قربانیاں دے کر اقوام عالم میں ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا مزید کہناتھا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں
رائیگاں نہیں جائیں گی۔پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے سب نے مل کر
اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے۔ پاکستان کی بہادر مسلح افواج ہر قسم کے
چیلنج کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔