Apr 22, 2017 04:34 pm
views : 815
Location : Governor House
Karachi- HEC National Research Award Programe
کراچی ، مسائل کا حل تعلیم با الخصوص تحقیق سے ہی ممکن ہے،گورنر سندھ
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ جدید دور میں عصر حاضر کی اعلیٰ تعلیم
ہی ملکی ترقی و خوشحالی کی بنیاد ہے ، تمام مسائل کا حل تعلیم با الخصوص
تحقیق سے ہی ممکن ہے ، تعلیم انسان کو شعور ، پہچان ، عقل ، امتیاز اور آگے
بڑھنے کا حوصلہ فراہم کرتی ہے ، جامعات پاکستان کی پہچان ہیں جہاں اعلیٰ
تعلیم با الخصوص تحقیق پر بھرپور توجہ دی جارہی ہے جو کہ ملک و قوم کے
انتہائی خوش آئند ہے۔
کراچی میں گورنر ہاؤس میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے جامعات کے لئے نیشنل
ریسرچ پروگرام کے تحت ہونے والے بین الجامعاتی تحقیقاتی مقابلہ میں نمایاں
پوزیشنز حاصل کرنے والے اساتذہ میں ایوارڈ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہو
ئے محمد زبیر نے کہا تعلیم جہالت کے خاتمہ ، برداشت اور تحمل مزاجی دیتی ہے
، ہمارا معاشرہ عدم برداشت اور رویوں کے باعث تنزلی کا شکار ہے ،معاشرہ سے
عدم برداشت کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگ امریکہ اس لئے جاتے ہیں کہ وہاں ریسرچ کی سب سے زیادہ
حوصلہ افزائی کی جاتی ہے ، امریکہ میں ہر شعبہ میں ریسرچ کو اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2002 ء میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کے بعد سے
سرکاری و نجی شعبہ کی جامعات میں ریسرچ پیپرز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے،
2002 ء میں صرف 8 سو ریسرچ پیپرز عالمی ریسرچ جرائد میں شائع ہوئے تھے جو
2016 ء میں 12 ہزار تک پہنچ گئے۔
اس موقع پر ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ ڈاکٹر مختار احمد اور صوبہ کی
جامعات کے وائس چانسلر ز بھی موجود تھے۔ نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والوں کو
ریسرچ پروجیکٹس پر 2 لاکھ روپے سے لیکر 20 لاکھ روپے تک گرانٹ دی گئی جس
میں جامعہ کراچی نے 20 اور سندھ یونیورسٹی نے 12 بہترین ایوارڈ حاصل کئے اس
طرح کل 77 گرانٹس دی گئیں۔