کراچی،گورنر سندھ کامارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سالانہ ایوارڈکی تقریب سے خطاب
گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے قومی معیشت میں انقلابی تبدیلیاں آئیں گی ۔
کراچی میں مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سالانہ ایوارڈکی تقریب سے
خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہنر اور پیشہ وارانہ مہارت
اقتصادی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں،انہوں نے شرکاء پر زور دیا
کہ وہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں سے فائدہ اٹھانے کیلئے خود کو تیار کریں۔
اس موقع پر گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا تھاکہ ایوارڈ ز دینے کا مقصدبا
صلاحیت افراد کی انفرادی کارکردگی کا اعتراف کرنا ہے ،بلا شبہ پاکستان میں
با صلاحیت افراد کی کوئی کمی نہیں ہے، یہ افراد اپنی زبردست کارکردگی سے نہ
صرف اپنا نام بنارہے ہیں بلکہ بزنس لیڈر شپ کے ذریعہ بیرون ملک پاکستان کا
سوفٹ امیج بھی اجاگر کررہے ہیں۔
گورنر سندھکا مزید کہنا تھا کہ جب تک کسی بھی چیز یا دستیاب وسائل کو درست
طریقہ سے اجاگر نہ کیا جائے اس سے بھرپور استفادہ نہیں لیا جاسکتا، ملک میں
آج تجارتی سطح پر مقابلہ بہت تیزی سے ہو رہا ہے ، معلومات کا تبادلہ ،
تصورات ، تجربہ اور ماہر بزنس مین سے مکمل رابطہ بہترین معاشی سرگرمیوں میں
اہم ثابت ہو رہے ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اہداف کے حصول ، ذاتی زندگی
اور پیشہ ورانہ امور کی انجام دہی میں رابطہ اہم کردار ادا کرتا ہے۔
تقریب میں مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر طالب سید کریم ، سابق
صدور اور دیگر عہدیداران سمیت عمائدین شہر کی بڑی تعدا د بھی موجود تھی۔ اس
موقع پر عاطف باجوہ، بشیر جان محمد اور عرفان مصطفی کو شاندا کارکردگی پر
مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان کی جانب سے ایوارڈ دئے گئے۔