لاہور، تحریک انصاف میں شمولیت بغیر کسی لالچ اور شرط کے کی ،غلام مصطفٰی کھر
سابق گورنر اور وزیراعلیٰ غلام مصطفٰی کھر کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف میں
شمولیت بغیر کسی لالچ اور شرط کے کی، ون پارٹی سسٹم کے وزیراعظم نواز شریف
کو سیاست کی اے بی سی تک نہیں آتی ،سیاستدان اپنے وعدوں سے مکر جائیں تو
انہیں خیرباد کہہ دینا چاہیئے۔
تحریک انصاف سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید سمصام بخاری نے دیگر پارٹی رہنماؤں
اسحاق خان خاکوانی،ظہیر عباس کھوکھر،اعجاز ڈیال،ڈاکٹر شاہد صدیق اور پارٹی
میں نئے شامل ہونے والے سابق گورنر اور وزیراعلیٰ غلام مصطفٰی کھر کے
ہمراہ پریس کانفرنس کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے غلام مصطفیٰ کھر کو تحریک انصاف میں شمولیت پر
مبارکباد دی، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے غلام مصطفٰی کھر کا کہنا تھا کہ
وہ کافی عرصہ سے خاموش تھے۔موجودہ ملکی صورتحال کے پیش نظر اور بہتر ملکی
مستقبل کیلئے بغیر کسی لالچ تحریک انصاف میں شامل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وہ سیاست کو سمجھتے ہیں اس لئے کسی کے راستے میں نہیں
آئینگے بلکہ اپنے تجربات سے پارٹی کو تقویت دینگے پی ٹی آئی ورکر انہیں
اپنا دوست سمجھیں کیونکہ کارکنوں کا وقار بلند کیئے بغیر کامیابی ممکن
نہیں۔
انہوں کے کہا کہ خواہش ہے کہ عمران خان اقتدار میں آئیں اور ڈلیور کریں،
نواز فیملی تیس سال تک ملک پر قابض رہی لیکن ملک کو مسائل سے چھٹکارا نہ
دلا سکی۔میرٹ کا رونا رونے والی ن لیگ چپڑاسی کی بھرتی بھی اپنی مرضی سے
کرتی ہے۔اگر سیاستدان اپنے وعدوں سے مکر کر ملک کی ترقی کی بجائے اپنی
جیبیں بھرنا شروع کردیں تو انہیں چھوڑی دینا چاہیئے۔