فیصل آباد، گزشتہ رات ملزمان سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے ایس ایچ او اور کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
گزشتہ رات مدینہ ٹاؤن میں چھاپے کے دوران ڈاکوؤں سے فائرنگ کے تبادلے میں
شہید ہونے والے ایس ایچ او مہر ندیم انجم اورکانسٹیبل شہزاد کی نماز جنازہ
ادا کر دی گئی ہے۔
نماز جنازہ میں آرپی او فیصل آبادبلال صدیق کمیانہ،سی پی اور فیصل
آبادافضال کوثر سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران اور شہریوں نے بڑی تعداد میں
شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق رات دس بجے کے قریب تھانہ مدینہ ٹاون کے ایس ایچ اومہر
ندیم انجم اپنے کانسٹیبل شہزادکے ہمراہ لاری اڈہ کے اندر ایک ریڈ کے سلسلے
میں گئے تو ڈاکووں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او
مہر ندیم انجم اور کانسٹیبل شہزاد شدید زخمی ہو گئے،دونوں پولیس اہلکاروں
کو مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زندگی کی بازی ہار گئے،پولیس کا
کہنا ہے کہ ملزمان قتل، ڈکیتی اور اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث
ہیں جو چھاپے کے دوران فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔