کوئٹہ،فائر فائٹرز کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے
آج دنیا بھرسمیت پاکستان بھی میں فائر فائٹرز کا عالمی دن منایا جا رہا ہے
جبکہ کوئٹہ کے فائر فائٹرزمحدود وسائل کے باوجود اپنے فرائض سرانجام دینے
کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔
کوئٹہ کے فائر فائٹرز جن کا آج عالمی دن منایا جا رہا ہے محدود وسائل اور
لاتعداد مسائل میں گھرے یہ فائر فائٹرز کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے
کیلئے تیار رہتے ہیں ان کے پاس آگ سے مقابلہ کرنے کے لیے نہ تو جدید اوزار
ہیں نہ ہی اپنی حفاظت کے لیے حفاظتی لباس جبکہ مسائل کی بھرمار بھی ان جان
باز سپاہیوں کا جذبہ کم نہ کر سکیں ۔
شہر میں کہیں بھی آگ لگ جائے یہ فائر فائٹرز ایک لمحہ بھی ضائع کیے بغیر آگ
بجھانے روانہ ہو جاتے ہیں تاہم شہر کی تنگ سڑکیں اور ٹریفک کا بگڑا ہوا
نظام ان کی راہ میں رکاوٹ ثابت ہوتا ہے ،فائر فائٹرز بھی دیگر فورسز کی طرح
اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جانوں کا تحفظ کرتے ہیں لیکن کم
تنخواہ میں گزر بسر کرنے والے فائر فائٹرز اور ان کی فیملی کی زندگی خوشحال
بنانے کے لیے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمانئدے سے گفتگو کرتے ہوئے فائر فائٹر
محمد ندیم نے کہا کہ کہیں بھی آگ لگتی ہے تو ہم وہاں پہنچتے ہیں اور عام
لوگوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں ،ہم اپنے پیشے پر فخر کرتے ہیں۔
ایک اور فائرفائٹر کا کہنا تھا کہ ہمیں آگ سے ڈر نہیں لگتا جبکہ ہم عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔