کراچی،دہشت گردی کے خاتمے کے لئے صوفیائے کرام کے پیغام کو عام کرنا ہوگا,بلاول بھٹو
چیئر مین پاکستا ن پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ دہشت گرد صوفیوں
کے پیغام امن سے ڈرتے ہیں اسی لئے مزارات کو نشانہ بناتے ہیں،صوفیوں کے
پیغام کو عام کر کے دہشت گردوں سے بدلہ لیں گے۔
تیسری عالمی صوفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول
بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے اور صوفیوں نے اسلام کے
فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ صوفیوں نے دنیا میں امن کو عام کرنے میں
اہم کردار ادا کیا اور ان کی قربانیاں سیکڑوں سال پر محیط ہیں،دنیا میں بہت
ساری زبانیں بولی جاتی ہیں لیکن صوفی ازم کی ایک ہی زبان ہے یہی صوفی ازم
ثقافت اور مذاہب کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوفیائے کرام نے دنیا میں امن کو عام کرنے میں
اہم کردار ادار کیا اور اسلام کی ترویج میں ان کی قربانیاں سیکڑوں سال پر
محیط ہیں انہوں نے سچ پیار اور محبت سے لوگوں کو اپنے قریب کیا لیکن
بدقسمتی سے آج امن کی جگہ دہشت گردی نے لے لی ہے اور اسی دہشت گردی کے
ہاتھوں میں نے اپنی ماں کو بھی کھو دیا۔
چئیرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ دہشت گرد صوفیوں کے پیغام امن سے ڈرتے
ہیں اسی لئے انہوں نے مزاروں کو نشانہ بنانا شروع کیا اور لعل شہباز قلندر
جیسی اعلیٰ ہستی کے مزار کو بھی نشانہ بنا ڈالا لیکن ہم نے بزرگان دین کے
پیغام کو عام کرکے دہشت گردوں سے بدلہ لینا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دہشت
گردی کے ناسور کے خاتمے کے لئے صوفیوں کے پیغام کو عام کرنا وقت کی اہم
ضرورت ہے۔