May 08, 2017 08:07 pm
views : 703
Location : Prime Minister House
Islamabad- PM Nawaz Sharif meets Foreign Minister Oman
اسلام آباد، وزیراعظم محمدنواز شریف کی اومان کے وزیرخارجہ سے ملاقات
وزیراعظم محمدنواز شریف نے اومان کی طرف سے پاکستانی بندرگاہوں کے ساتھ
قریبی رابطوں میں دلچسپی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے
درمیان فیری سروس کے اجراء سے دوطرفہ تجارت اور عوامی رابطوں میں اضافہ
ہوگا۔
اسلام آباد میں اومان کے وزیرخارجہ یوسف بن علاوی بن عبداللہ سے ملاقات
میں وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور اومان کے وزرائے خارجہ کے درمیان سیاسی
مذاکرات کا عمل اقتصادی ،سٹریٹیجک اور سیاسی شعبوں میں جامع تبادلہ خیال کا
موقع فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اومان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو انتہائی
اہمیت دیتا ہے۔ سلطان قابوس کی قیادت میں اومان ہر شعبے میں تسلسل کے ساتھ
ترقی کررہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ سلطان قابوس پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتے ہیں جو لائق تحسین ہے۔
محمدنواز شریف نے اومان میں مقیم پاکستانیوں بالخصوص اومان کی مسلح افواج
میں خدمات دینے والوں کا بہترین خیال رکھنے پر اومان کی حکومت کا شکریہ ادا
کیا۔
اومان کے وزیرخارجہ نے پاکستان کو سماجی و معاشی ترقی کے راستے پر گامزن
کرنے پر وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت کو سراہا ۔انہوں نے کہاکہ
وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کی معیشت مستحکم ہوئی اور بنیادی ڈھانچے کی
جدید خطوط پر ترقی دی جارہی ہے ۔