بیجنگ ،کاشتکاروں میں باردانہ کی منصفانہ تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، شہباز شریف
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے بیجنگ سے ویڈیولنک کے ذریعے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا کاشتکاروں میں باردانہ
کی تقسیم پر عدالت کے سٹے آرڈر کے سلسلے میں محکمہ خوراک اور دوسرے ذمہ
داروں نے جس تساہل سے کام لیا ہے وہ کسی صورت بھی قابل برداشت نہیں۔اگر
متعلقہ ذمہ داروں کی طرف سے معاملے کی نزاکت کے پیش نظر عدلیہ کے تحفظات کو
دور کرنے کے لئے بروقت اقداما ت کئے جاتے تو باردانہ کی تقسیم میں وقتی
تعطل پیدا ہونے سے بچا جا سکتا تھا۔
وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاپنجاب کی انتظامیہ اور محکمہ خوراک
کا فرض ہے کہ وہ ان ایام میں باردانہ کی تقسیم میں آنے والی کمی کو پورا
کرنے کے لئے دن رات ایک کر دیں۔میں چین میں بیٹھ کر اس معاملے کی پوری
نگرانی کر رہا ہوں۔کاشتکاروں کے مفادات پر کسی صورت آنچ نہیں آنے دی جائے
گی۔
محمد شہباز شریف نے کہاکاشتکاروں میں باردانہ کی منصفانہ تقسیم ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔کسی سے نا انصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔
وزیر اعلی نے متعلقہ حکام سے سوال کیا کہ اگر باردانہ کی تقسیم کا عمل رکا ہوا تھا تو آپ کو نیند کیسے آتی تھی؟
لاہور سے صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ ، بلال یاسین ، عائشہ غوث پاشا، مشیر
عمر سیف ، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ملتان ، خانیوال اور
اسلام آباد سے متعلقہ اراکین اسمبلی اور اعلی حکام ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس
میں شریک ہوئے۔