کراچی،امجد صابری کے اہلخانہ اور فنکاروں کی نمائندہ تنظیم آرٹ فاؤنڈیشن کی پریس کانفرنس
امجد صابری کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ پاکستان چھوڑ کر کہیں نہیں جارہے،
جینا مرنا یہیں ہے،اگر صحیح قاتل گرفتار کئے جا چکے ہیں تو انہیں سزا دینے
میں تاخیر نہ کی جائے۔
کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امجد صابری کے بھائی
طلحہٰ صابری نے کہا کہ ایک سال گزر گیا لیکن امجدصابری کے قاتلوں کواب تک
سزا نہ ملی، اداروں پر یقین ہے لیکن ملزمان کو سزا ہوگی تو اہل خانہ کو
سکون ملے گا،انہوں نے مطالبہ کیا کہ امجد صابری کی برسی آنے سے قبل ملزموں
کو سزا دی جائے۔
طلحہٰ صابری نے کہا کہ امجد صابری کی گاڑی ،موبائل اور دیگر سامان فیملی کے حوالے نہیں کیا گیا وہ سامان بھی ہمیں دیا جائے۔
امجد صابری کے چھوٹے بھائی نے مزید کہاکہ پاکستان چھوڑنے کی باتوں میں
صداقت نہیں،جینا مرنا یہیں ہے، ہم پاکستان چھوڑ کر کہیں نہیں جا رہے، امجد
کے قتل کے بعد بھی پاکستان میں رہیں گے۔
اس موقع پر فنکاروں کی نمائندہ تنظیم آرٹ فاؤنڈیشن کی جانب سے مستحق
فنکاروں کے لئے ایمبولینس سروس متعارف کرائی گئی جوکہ امجد صابری متعارف
کرانا چاہتے تھے تاہم زندگی نے انہیں موقع نہ دیا ۔
پریس کانفرنس میں امجد صابری کی والدہ ، بھائی ،گلوکار حسن جہانگیر سمیت معرف فنکاروں اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔