کوئٹہ،پی ٹی آئی کے جلسے کیلئے میدان سج گیا،کھلاڑیوں کا جذبہ عروج پر
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 5 سال بعد ایوب اسٹیڈیم میں سیاسی پنڈال
سجا لیا گیا، چیئرمین تحریک انصاف جلسہ گاہ پہنچ چکے جس کے بعد کھلاڑیوں کا
جذبہ عروج پر پہنچ گیا۔
پاکستان تحریک انصاف کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں پنڈال سجا لیا، جلسہ گاہ
میں چالیس ہزار افراد کے لیے کرسیاں لگائی گئیں ہیں جبکہ اطراف میں عمران
خان کی تصاویر والے بینرز اور پوسٹر آویزاں کیے گئے ہیں۔عوام کا لہو
گرمانے کے لیے پی ٹی آئی کے نغمے بجانے کا سلسلہ جاری ہے۔
جلسے کی سیکورٹی کے لئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، اعلی ٰ سکیورٹی ذرائع
کے مطابق جلسے کی حفاظت پر پولیس اور ایف سی کے5ہزار سے زائد اہلکار تعینات
ہونگے جبکہ ایف سی بلوچستان پولیس کو سکیورٹی میں معاونت فراہم کر ے گی۔
گذشتہ روز پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان دیگر پارٹی رہنماﺅں کے ہمراہ
جمعرات کو کوئٹہ پہنچے، ائیر پورٹ پر پی ٹی آئی بلوچستان کے صوبائی صدر
سردار یار محمد رند دیگر رہنماﺅں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا
استقبال کیا۔