وہاڑی،کسانوں کا محکمہ انہار کے خلاف احتجاج
وہاڑی کے کسانوں نے پانی چوری کرنے والے بااثر زمینداروں کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر محکمہ انہار کے ا یکسیئن ،ایس ڈی او اوراوور سیر کے خلاف احتجاج کیا اورمحکمہ انہارکے افسران کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ بااثر زمینداروں اورمحکمہ انہار کی ملی بھگت سے راجباہ توڑ کر پانی چوری کیا جارہا ہے جس کے سبب ٹیل کے کسانوں کی سینکڑوں ایکڑ زمین بنجر ہو گئی جبکہ ملزمان کے بااثر ہو نے کے باعث ان کے خلاف کوئی قانونی کاروائی نہیں کی جارہی۔
مظاہرے میں شریک ایک شخص نے ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہاڑی ملکاں والی کے بااثر زمیندارراجباہ توڑ کر پانی چوری کر رہے ہیں ایکسین چیچہ وطنی کواطلاع دینے کے باوجودمتعلقہ محکمہ کا کوئی بھی آفیسر نہ پہنچاجب 15پر کال کی تو انہوں نے ایس ایچ او سے رابطہ کرنے کا کہا جس پر ایس ایچ او اوکانوالہ بنگلہ کواس واقعے کی اطلاع دی تو انہوں نے یہ کہ کر ٹال مٹول کر دی کہ اس وقت میرے پاس سواری نہیں ہے جس پر سوار ہو کر میں وقوعہ کی جگہ پہنچ سکوں، چار روز گزرنے کے بعد بھی کاروائی نہیں ہو ئی ۔
مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر آب پاشی اور متعلقہ حکام بالا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے