کراچی،ماہ صیام سے قبل ہی اشیاء خوردنوش کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ
بجٹ اور رمضان کی آمد آمد ہے مگر اس کے ساتھ ہی ناجائزمنافع خور اور ذخیرہ
اندوزوں نے بھی عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کی منصوبہ بندی کرلی
ہے،اشیاء خوردونوش کی قیمتیں یکدم آسمان سے باتیں کرنے لگیں ہیں،جبکہ
انتظامیہ مہنگائی کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔
رمضان کی آمد سے قبل ہی منافع خور ایسے متحرک ہوئے کہ آؤ دیکھا نہ تاؤ اورکھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کر ڈالا۔
دنیا بھر میں رمضان سے قبل ہی عوام کو فائدہ پہنچانے کی خاطر اشیاء
خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کر کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا
جاتا ہے مگر کراچی میں تو جیسے الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایک دکاندار محمدیاسین نے
کہا کہ مہنگائی کم ہونے کے بجائے بڑھتی جا رہی ہے ،بجٹ میں کسی بھی چیز پر
عوام کو ریلیف نہیں دیاجاتا جبکہ صرف خانہ پری کے لئے چند اشیاء پر ایک دو
روپے کم کر دیے جاتے ہیں ۔
ایک خاتون سلمیٰ نے کہا کہ ملک کی اکثریت متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہے جبکہ
حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرے۔
بزرگ شہری کریم بخش نے کہا کہ رمضان کی آمد سے قبل ہی مہنگائی میں اضافہ
کردیا گیا ہے جبکہ غریب افراد کے لئے اپنا گھر چلانا بہت مشکل ہوگیا ہے۔