حیدرآباد، آئی جی سندھ کو ہٹانے کا مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا ،وزیر داخلہ سندھ
وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے کہا ہے کہ آئی جی سندھ کو ہٹوانے کا
مجھے کوئی ٹاسک نہیں ملا ،اے ڈی خواجہ ہمارے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے ،اے ڈی
خواجہ کوہٹانا یا نہ ہٹانا یہ عدالت کا کام ہے مجھے امن قائم کرنے کا ٹاسک
دیا گیا ہے۔
حیدرآباد میں پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما علی نواز شاہ رضوی کی رہائشگاہ
پرذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے کہا
کہ اے ڈی خواجہ کے بارے میں یہ تاثر دینا غلط ہے کہ ان کے آنے سے سندھ میں
امن و امان قائم ہوا بلکہ اے ڈی خواجہ سے قبل بھی کراچی حیدرآباد میں امن و
امان قائم تھا اور امن و امان قائم کرنے میں پولیس کے ساتھ رینجرز نے
بھرپور کام کیا ہے کراچی کی صورتحال سب کے سامنے ہے انھوں نے کہا کہ مجھے
اے ڈی خواجہ کو ہٹوانے کا کوئی ٹاسک نہیں ملا ہے یہ ہمار ا مسئلہ ہی نہیں
ہے یہ عدالت کا مسئلہ ہے ۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ ادارے شخصیات کے محتاج نہیں ہوتے میں کل وزیر
داخلہ تھا پھر نہیں تھا اب دوبارہ وزیر داخلہ بن گیا ہوں سندھ پولیس ایک
ادارہ ہے اسکا کام جاری رہیگا انھوں نے کہا کہ میں دعوے کے ساتھ کہتا ہوں
کہ سندھ پولیس دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر پولیس ہے انھوں نے کہا کہ
پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ایک
بار پھر مجھ پر اعتماد کیا ہے اور مجھے سندھ میں امن و امان قائم کرنے کا
ٹاسک دیا ہے۔
بعدازاں وزیر داخلہ سندھ نے صدر ، کینٹ شاپنگ سینٹرز اور لطیف آباد کے
مختلف علاقوں میں دورہ کیا اور سیکیورٹی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔