لاہور،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کا پریس کانفرنس سے خطاب
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہباز شریف کو چیلنج کردیا پرویزالٰہی نے کہا ہے
کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں صرف پچھلے 3 سال میں کم از کم 100 ارب
روپے کے گھپلے ہیں اور ہم شہباز شریف کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ کسی بھی فورم
پر آ جائیں ، انہوں نے پچھلے 9 سال میں ہمارے دور کے خوشحال اور سرپلس
پنجاب کا کیا حال کر دیا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ کے سینئر مرکزی رہنما و سابق نائب وزیر اعظم چودھری پرویز
الٰہی نے اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم
جنگلہ بس، اورنج لائن سمیت ہر منصوبہ میں کرپشن اور بے ضابطگیوں کے ثبوت
پیش کر رہے ہیں، ن لیگ لینڈ مافیا بن چکی ہے جس نے صرف لاہور ڈویژن میں 28
ارب روپے کی زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے، بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں
بھی سبحان اللہ جنہوں نے پنجاب کے قرضے 712 ارب روپے تک پہنچا دئیے ہیں جو
ہماری حکومت میں صرف 267 ارب روپے تھے اور پھر بھی دونوں ایک دوسرے کو
شاباش اور ہیرو قرار دے رہے ہیں۔
پرویز الٰہی نے مزید کہاکہ ہم نے چراہ ڈیم اسلام آباد کے نام سے راولپنڈی
اور اسلام آباد کو روزانہ 25 ارب گیلن پینے کا پانی فراہم کرنے کا منصوبہ
بنایا تھا جس کی لاگت 1 ارب تھی اور 65 کروڑ کی زمین بھی خرید لی گئی، ان
کی لیت و لعل سے یہ پراجیکٹ اب 17 ارب کا ہو گیا ہے، ہم نے ڈیموں اور نہروں
کی تعمیر و مرمت کے خصوصی کام کروائے لیکن ان کا ٹھیکیدار اپر چناب کینال
اور تریموں بیراج کی مرمت کے دوران 61 کروڑ روپے کے منصوبہ پر کام چھوڑ کر
بھاگ گیا لیکن اسے 100 فیصد ادائیگیاں کر دی گئیں، اسی طرح چولستان میں صاف
پانی کی فراہمی سمیت دو ترقیاتی منصوبوں کی ناکامی سے 33 کروڑ روپے کا
نقصان ہوا، صوبہ میں 2014ء میں سڑکوں کی تعمیر میں تارکول کے کم استعمال سے
1 ارب 20 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا۔