ننکانہ صاحب ،ٹیلر ماسٹر کی دکان میں ڈکیتی ،مسلح افراد سلے سلائے سوٹ اورلاکھوں روپے نقدی لے کر فرار
ننکانہ صاحب کے علاقہ اڈہ جاتری میں ٹیلر ماسٹر اور کمپیوٹر رپیرنگ کی دوکان پر لاکھوں روپے کی ڈکیتی کی واردات ،ڈاکولاکھوں روپے مالیت کا سامان اور نقدی چھین کر فرار ،دوران ڈکیتی ڈاکوؤں کے تشدد سے ایک شخص زخمی ہو گیا ،متاثرہ افرادنے ڈکیتی کی واردات کے خلاف شدید احتجاج کیاجبکہ پولیس حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
تھانہ مانگٹانوالہ کے علاقہ ڈھڈیاں کے رہائشی محمد شہباز نے پولیس حکام کو دی جانے والے تحریری درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ اس نے اڈہ جاتری میں شاکر جی ٹیلرز،کاج اوور لاک اینڈ کمپیوٹر رپیرنگ لیب کے نام سے دکان بنا رکھی ہے ،محمد شہباز کے مطابق یکم جون کو 10 نامعلوم مسلح افراد اس کی دوکان میں داخل ہو ئے اور دکان میں موجود افراد کو یر غمال بنا کر دو لاکھ پچاس ہزار روپے نقدی ،6 عدد قیمتی موبائل فون ،دو عدد لیپ ٹاپ اور سو کے قریب سلے اور بغیر سلے مردانہ سوٹ چھین کر فرار ہو گئے ۔
محمد شہباز کے مطابق اس نے پولیس چوکی وزیر پور اطلاع دی تو انچارج ملازم حسین نے دیگر اہلکاروں کے ہمراہ 7 افراد کو ڈکیتی کے شبہ میں حراست میں لے لیا ہے ،دوران ڈکیتی ملزمان نے دوکان میں موجود نواز علی شاکر کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس سے وہ زخمی ہو گیا ،متاثرہ افراد نے واقعہ پر احتجاج کرتے ہوئے پولیس حکام سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔
ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز علی نے ملزمان کے نام بتاتے ہوئے انکے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
ایک بزرگ شہری نے کہا کہ مسلح ملزمان نے درزی کی دکان میں موجود شخص کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایا بلکہ قیمتی سامان بھی لے گئے۔