کراچی،ملک بھر میں کرکٹ کا بخار سر چڑھ کربولنے لگا
پاکستان میں کرکٹ کاجنون عروج پر ہے، چھٹی کادن ہواورپاکستان کا بھارت سے میچ اور شہری دلچسپی نہ لیں ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا،بچے بڑے سبھی پاک بھارت میچ میں دلچسپی لے رہے ہیں حجام کی دکان ہو یا بیوٹی پارلریا پھر گھر میں موجود بچے سبھی پاک بھارت ٹاکرے کو انجوائے کر رہے ہیں ۔
ایجبسٹن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے چیمپئنز ٹرافی کے اہم میچ میں بھارتی ٹیم کی پاکستان کیخلاف بیٹنگ جاری ہے، قومی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرانے کا فیصلہ کیا، انڈین ٹیم کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما میدان میں اترے اور محتاط انداز سے ٹیم کے سکور کوآگے بڑھایا، تاہم کچھ دیر بعد ہی بارش نے آ گھیرا جس سے کھیل کا مزاہ خراب ہو گیا، بارش تھمنے کے بعد کھیل کا دوبارہ آغاز ہوا تو شیکھر اور شرما کی جوڑی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کی خوب درگت بنانا شروع کر دی، دونوں بلے بازوں نے پاکستانی باؤلرز کے خلاف شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کیں،شیکھر دھون نے وہاب ریاض کے اوور میں انھیں لگاتار تین چوکے مار کر کھیل کو دلچسپ بنا دیا، وہاب ریاض نے اس اوور میں بھارتی ٹیم کو 15 رنز دیے۔ انڈین ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 130 رنز سے زائد بنائے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ماضی میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں چیمپئنز ٹرافی میں تین بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں سے دو بار پاکستان فاتح ٹھہرا جبکہ ایک میچ میں انڈیا کو جیت حاصل ہوئی۔