Jun 06, 2017 03:56 pm
views : 694
Location : CM Secretariat
Islamabad- PM Nawaz Sharif chairs meeting of the Cabinet Committee on Energy
اسلام آباد، وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت توانائی کابینہ کمیٹی کا اجلاس
اسلام آباد میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیر صدارت توانائی کابینہ کمیٹی
کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی نے ماہ رمضان میں
ترقیاتی کاموں کو بنیاد بنا کر بجلی کی بندش نہ کرنے کی متفقہ منظور ی دی
ہے۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اسلام آباد میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی
زیر صدارت توانائی کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ایل این جی سے چلنے والے بارہ
سو میگا واٹ کےنئے بجلی گھر کےقیام کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔ کمیٹی نے
فیصلہ کیا کہ بجلی کی طلب کے تخمینے میں اقتصادی خوشحالی کے باعث صارفین کے
رویوں کو مدنظر رکھا جائے جس میں گھریلو برقی آلات کا بڑھتا ہوا استعمال
اور دوسرے عوامل شامل ہیں۔
وزیراعظم محمد نوازشریف نے زور دیا کہ بجلی کی طلب اور رسد میں مؤثر منصوبہ
بندی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ متعلقہ حکام فوری
ضرورت کے عوامل کو اپنی حکمت عملی میں پیش نظر نہیں رکھتے۔
وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی کہ سال دوہزار تیئس تک بجلی کی
طلب و رسد کا جائزہ لیا جائے تاکہ مستقبل کی توانائی کی ضروریات کو پور ا
کرنے کے لئے طویل المدت منصوبہ بندی کی جاسکے۔
محمد نواز شریف نے کہا کہ بجلی گھروں کی مرمت اور دیکھ بھال کا شیڈول موسم
گرما کے بجائےموسم سرما میں منتقل کرنے کا جائزہ لیا جائے تاکہ موسم گرما
خصوصا بجلی کی سب سے زیادہ طلب کے مہینوں میں زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کی
جاسکے۔
سیکرٹری پانی وبجلی نےاجلاس کو توانائی کابینہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں
کئے گئے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔انہوں نے ستمبر 2018 تک
بجلی کی طلب اور رسد کے جائزے اور غیر فعال بجلی گھروں کو دوبارہ فعال
بنانے سے متعلق بین الوزارتی کمیٹی کے کام سے بھی آگاہ کیا۔
بین الوزارتی کمیٹی خزانہ ،پانی و بجلی اور پیٹرولیم و قدرتی وسائل کی وزارتوں پر مشتمل ہے۔