ننکانہ صاحب ،سکھ مذہب کے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے
سکھ مذہب کے مذہبی تہوار جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئے
14بھارتی سکھ یاتری سردار سکھبندر سنگھ کی قیادت میں خصوصی بس کے زریعے
ننکانہ صاحب پہنچ گئے ہیں۔
گوردوارہ جنم ا ستھان پہنچنے پر اے ڈی سی شاہد حسن کیانی ،اسسٹنٹ کمشنر
ننکانہ طیب طاہر ،مینجر گوردوارہ جنم استھان سید عتیق گیلانی ،جنرل سیکرٹری
پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی سردار گوپال سنگھ چاولہ ،گرنتھی
گوردوارہ جنم استھان گیانی دیا سنگھ سمیت ضلعی انتظامیہ اور متروکہ وقف
املاک بورڈ کے افسران نے بھارتی سکھ یاتریوں کا شاندار استقبال کیا،ان پر
پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کئے ،بعد ازاں
بھارتی سکھ یاتریوں کی سخت سیکیورٹی میں گوردوارہ جنم استھان میں واقع ان
کی رہائش گاہوں تک لے جایا گیا۔
متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین صدیق الفاروق کی ہدایت پر متروکہ وقف
املاک بورڈ نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی سکھ سنگت کے تعاون سے سکھ یاتریوں
کے لئے رہائش ،ٹرانسپورٹ ،لنگر اور سیکیورٹی کے بہترین انتطامات کئے ہیں جس
پر بھارتی سکھ یاتری بہت خوش اور بار بار پاکستان آنے کے خواہشمند دکھائی
دیئے ،سکھ یاتریوں نے پاکستان میں اپنے قیام کے دوران ٹرانسپورٹ ،رہائش
،لنگر اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات کرنے پر حکومت پاکستان اور متروکہ
وقف املاک بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ بھارتی سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب آمد
کے موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے،گوردوارہ جنم استھان
کی طرف جانے والے تمام راستوں کو مختلف رکاوٹیں لگا کر عام افراد کے لئے
بند کر دیا گیا تھا ، ننکانہ صاحب مین تین روز قیام کے دوران بھارتی سکھ
یاتری شہر میں واقع ساتوں گوردواروں کی یاترا اور وہاں اپنی مذہبی رسومات
کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ گوردوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کے لئے
فاروق آباد بھی جائیں گے ۔