کاغان ،چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس
چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم میثاق
جمہوریت کے بنیادی اصولوں پرآج بھی قائم ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے ہمیں
ہمیشہ دھوکا دیا اور ہمارے دور حکومت میں ہمارا ساتھ نہیں دیا۔
کاغان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول
بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے جو فیصلہ دیا اسے عوام سمیت شریف
خاندان کو بھی قبول کرنا چاہئے لیکن فیصلے کو جمہوری نظام سے جوڑ کر سیاست
چمکائی جارہی ہے اور کہا جارہا ہے کہ جمہوری نظام کو خطرہ ہے، نظام کو
کوئی خطرہ نہیں بلکہ یہ تخت رائیونڈ کی آپس کی لڑائی ہے، ہم آج بھی میثاق
جمہوریت کے بنیادی اصولوں پر کاربند اور قائم ہیں لیکن مسلم لیگ (ن) نے
ہمیں ہمیشہ دھوکا دیا اور ہماری گزشتہ حکومت میں میثاق جمہوریت میں ساتھ
نہیں دیا۔
بلاول بھٹو کا نے کہا کہ عمران خان کو سندھ میں سیاست کرنے پر ویلکم کہتے
ہیں انہیں صوبے میں ضرور آنا چاہئے ،عمران خان بہت کرپشن کے خلاف باتیں
کرتے ہیں جبکہ سندھ میں ایک ہی وزیراعلیٰ کو کرپشن کے الزام میں نکالا گیا
جو اب عمران خان کے ساتھ ہے،لیکن مجھے یقین ہے کہ سندھ کے عوام عمران خان
کو قبول نہیں کریں گے کیوں کہ ان کے قول و فعل میں تضاد ہے ۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری
کریں اور انتخابات وقت پر ہوں ، 2013 میں ہمیں انتخابی مہم نہیں چلانے دی
گئی اور ایک سیاسی جج نے آصف زرداری پر پابندی لگادی لیکن اب ایسا نہیں
ہوگا، ہم بہت جلد خیبرپختون خوا میں پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھیں گے اور پھر
عمران خان کا رونا دھونا شروع ہوجائے گا۔