Aug 21, 2017 06:06 pm
views : 593
Location : Election Commission Of Pakistan Office
Islamabad- PTI Lawyer Babar Awan Media Talk
اسلام آباد، نا اہلی کے بعد مسلم لیگ نوازشریف کا نام بھی استعمال نہیں کرسکتی،بابر اعوان
عوامی تحریک، پی ٹی آئی اور نیاز انقلابی کی جانب سے دائر درخواستوں پر چیف
الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے پانچ رکنی بینچ نے درخواستوں
کی سماعت کی، اس موقع پرتینوں درخواست گزاروں کے وکیل الیکشن کمیشن کے
روبرو پیش ہوئے۔
سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے وکیل بابر
اعوان نے کہا کہ یہ دنیا کی پہلی کابینہ ہے جو سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم
کرنے کے بعد مکر گئی ہے،سیاست قانونی جنگ میں تبدیل ہوچکی ہے عدالتوں اور
الیکشن کمیشن پر اضافی بوجھ کے ذمہ دار نواز شریف ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندوں سے
گفتگوکرتے ہوئے بابر اعوان نے کہاکہ نا اہلی کے بعد نوازشریف نے پارٹی
اجلاس میں بیٹھ کر فیصلے کیے، حالانکہ نا اہلی کے بعد مسلم لیگ نوازشریف کا
نام بھی استعمال نہیں کرسکتی۔
تحریک انصاف کے وکیل نے مزیدکہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن سابق وزیر اعظم کی
سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد ان کے نام پر کام جاری نہیں رکھ سکتی ، لیکن
نا اہلی کے بعد نواز شریف پارٹی کی تمام سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور
اہم فیصلے بھی وہی کر رہے ہیں جو غیر قانونی اور غیر آئینی ہے،انہوں نے
مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے قائم مقام صدر کا انتخاب کیا ہے، پولیٹیکل
پارٹیز آرڈر کے تحت قائم مقام صدر کی گنجائش ہی نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن نے نا اہلی کے بعد نواز شریف کی پارٹی معاملات میں دخل
اندازی، یعقوب ناصر کو قائم مقام پارٹی صدر بنائے جانے کیخلاف درخواستوں پر
مسلم لیگ ن کو نوٹس جاری کر دیا ہے جبکہ سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔