کوئٹہ،بلوچستان حکومت شہر کی خوبصورتی بحال کرنے کے لئے کوشاں
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کی کھوئی ہوئی خوبصورتی واپس بحال کرنے کی کوشش
کرتے ہوئے حکومت بلوچستان نے شہر بھر میں آرٹ کے اعلیٰ نمونے تعمیر کئے
ہیں،اس سلسلے میں مکران کی امیدوں کی شہزادی ،قائد اعظم محمد علی جناح کی
زیارت کی رہائش گاہ ،قومی جانور مارخور اور قومی پرندے چکور سمیت بلوچستان
کے کلچر و ثقافت کو بیان کرنے والے آرٹ کے نمونے نصب کیے گئے ہیں۔
آرٹ کے یہ نمونے ایئرپورٹ روڈ اور اس کے ملحقہ سڑکوں اور چوراہوں پر نصب
کئے گئے ہیں ،کوئٹہ کو خوبصورت بنانے کے اس منصوبے کیلئے حکومت بلوچستان نے
5 ارب روپے کے فنڈز مختص کیے ہیں۔آرٹ کے ان شاہکاروں سے جہاں شہر کی
خوبصورتی بحال ہوئی ،وہیں شہری اور سماجی کارکنان ،اداکار اور آرٹ سے
دلچسپی رکھنے والے افراد بھی خوش دکھائی دیئے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے آرکیٹک اور
ماڈل طارق لونی نے کہا کہ ہم ایئرپورٹ اور اس کے ملحقہ علاقوں کو خوبصورت
بنانا چاہتے ہیں تاکہ یہاں آنے والے لوگ اپنی آنکھوں سے کوئٹہ کی خوبصورتی
اور کلچر کو دیکھیں، اور جاتے جاتے اس کے سحر میں ڈوب جائیں،انہوں نے کہا
کہ ایئرپورٹ کے اس علاقے میں آرٹ کے نمونوں کو نصب کیا جانا ہمارے اس
منصوبے کا چھوٹا سے حصہ ہے جس کے ذریعے ہم کوئٹہ کو پھر سے پاکستان کا پیرس
بنانے جا رہے ہیں۔