پشاور ٹیوٹا ملازمین کا کے پی کے حکومت کے خلاف احتجاج
خیبر پخونخوا حکومت کی جانب سے ٹیکنیکل ووکیشنل اداروں کو پاکستان ائر فورس
میں شامل کرنے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے جس کیخلاف کے پی کے کے ٹیوٹا
ملازمین سراپا احتجاج ہے،انہوں نے صوبائی حکومت سے فیصلہ واپس لینے کا
مطالبہ کیاہے۔
خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ووکیشنل انسٹر کٹر ایسوسی ایشن نےپشاور پریس کلب کے
سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ، انہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھائے تھے جن پر
حکومت کے خلاف نعرے درج تھے ، ملازمین کا کہنا تھا کہ موجودہ بورڈ آف
ڈاریکٹرز نے ٹیوٹا کو پاکستان ائر فورس کے حوالے کرنے کا منصوبہ بنایا
ہےتاہم ائیر فورس میں کوئی تجربہ کار انسٹرکٹر نہ ہونے کی وجہ سے ادارہ
تباہ ہوجائے گا،ملا زمین نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر صوبائی حکومت نےیہ
فیصلہ واپس نہ لیا تووہ اس اقدام کیخلاف ہائی کورٹ میں رٹ دائر کرینگےاور
مطالبات نہ مانے جانے پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے دھرنا بھی دینگے۔
مظاہرین نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے
ادارے کے چند نا اہل افراد کے کہنے پر یہ فیصلہ کیا ہے جس سے ٹیوٹا ملازمین
کی زندگی داؤ پر لگ جائے گی۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مظاہرے میں
شریک ایک خاتون نے کہا کہ کئی سالوں سے نوکریاں کر رہے ہیں جبکہ ادارے
کونجی سیکٹر میں دینے سے کئی خاندانوں کا نقصان ہوگا۔