کراچی، پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد کی 95 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کاانعقاد
صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں 95
ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد ہوا۔ جوانوں نے اپنی ٹریننگ کی مختلف مشقوں
کا عملی مظاہرہ کیا۔
کراچی پولیس ٹریننگ کالج سعید آباد میں ہونے والی 95 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ
میں 942 اہلکار تربیت مکمل کر کے پاس آؤٹ ہوئے۔تقریب میں صوبائی وزیر
داخلہ سہیل انور سیال نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاس آؤٹ ہونے والے
اہلکاروں کا تعلق سندھ کی مختلف یونٹس سے ہے۔
جوانوں نے اپنی ٹریننگ کی مختلف مشقوں کا عملی مظاہرہ کیا جس میں ٹرننگ
فائر، اسٹینڈنگ فائز، ٹرننگ موونگ فائر اور روم کمبیٹ شامل ہیں۔جوانوں نے
دشمن کا دو بدو مقابلہ کرنے اور حملے کی صورت میں دشمن پر قابو پانے اور
زخمیوں کی ہسپتال منتقلی کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔
مشقوں کے دوران جدید اسلحے اور ٹیکنالوجی کا استعمال بھی کیا گیا۔ تقریب کے
اختتام پر وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے نمایاں کارکردگی پر تعریفی
اسناد تقسیم کیں۔
کراچی کے سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے
ہوئے سہیل انور سیال نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے کسی کے
سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں جرائم کی شرح کئی ممالک سے کم ہے جب کہ شہر
میں جاری آپریشن میں پاک فوج کی مدد حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن
کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں کسی سے عیاں نہیں۔
سہیل انور سیال کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس کی تربیت میں پاکستان آرمی کے
شکرگزار ہیں، سندھ پولیس عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ
پولیس کے مختلف شعبوں کی تنخواہوں میں دگنا اضافہ کیا ہے، پولیس کے شہدا کے
ورثا کا معاوضہ کروڑروپے کردیا ہے، قربانیاں دینے والوں کے لیے حکومت بہت
کچھ تو نہ کرسکی لیکن تھوڑا بہت کیا ہے۔