لاہور، پنجاب میں ڈینگی کی موثر روک تھام کے لیے کامیاب حکمت عملی کے ساتھ ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں،خواجہ عمران نذیر
صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ
پنجاب میں ڈینگی کنٹرول کے لیے خطے کی بہترین اور تجربہ کار ورک فورس موجود
ہے اور اسی تربیت یافتہ فیلڈ سٹاف نے ڈینگی پر موثر کنٹرول کرکے صوبہ
پنجاب کی حکومت اور لیڈر شپ کی ملک کے اندر اور بین الاقوامی سطح پر عزت
بڑھائی ہے۔
ٹاؤن ہال میں ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ
عمران نذیر نے کہا کہ ڈینگی پروگرام سے وابستہ فیلڈ سٹاف ، اینٹامالوجسٹ ،
موحولیات انسپکٹر ، سینٹری پٹرول ،سی ڈی سی سپر وائزر اور دیگر ورکر ز کے
مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے، ڈینگی سٹاف کی گرانقدر خدمات کے
معترف ہیں اور وزیر اعلیٰ سے ڈینگی سٹاف کو ملازمت پر ریگولر کرنے کی سمری
منظور کرالیں گے، وزیر صحت نے سٹاف سے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ اپنے
فرائض سر انجام دیتے رہیں اور کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔
وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق
پنجاب میں ڈینگی کی موثر روک تھام کے لیے کامیاب حکمت عملی کے ساتھ ٹھوس
اقدامات کیے گئے ہیں جس میں ڈینگی کے فیلڈ سٹاف نے نمایاں کردار ادا کیاہے
اور آج یہ بات فخر سے کہی جا سکتی ہے کہ پنجاب کے پاس نہایت تربیت یافتہ
اور تجربہ کار ڈینگی فورس موجودہے جس نے حالیہ دنوں میں خیبر پختونخواہ میں
بھی اپنا لوہا منوایا ہے، ڈینگی سب کا مشترکہ مسئلہ ہے اور پاکستان کے کسی
صوبے کو بھی ہماری خدمات کی ضرورت پڑی تو پنجاب ڈینگی پر قابو پانے میں
بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔
اس موقع پرلارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید نے کہا کہ ڈینگی پر موثر کنٹرول
میں فیلڈ سٹاف نے بہت محنت اور پیشہ وارانہ لگن کے ساتھ کام کیا ہے جس کی
بدولت یہ کامیابی ملی ہے جبکہ ٹاؤن میں ڈینگی سٹاف کوآفس مہیا کیا جائے
گا۔
سیمینار میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید، ڈپٹی کمشنر سمیر احمد
سید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سعید گھمن، تمام ٹاؤنز کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر
ہیلتھ ، اور ڈینگی پروگرام کے فیلڈ سٹاف نے شرکت کی۔