Aug 26, 2017 07:49 pm
views : 656
Location : Millennium University College
Karachi- Governor Sindh visits the Millennium University College
کراچی ، نجی تعلیمی ادارے معیار تعلیم کے فروغ کے لئے نمایاں کردار ادا کررہے ہیں، گورنر سندھ
گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے کہ نجی تعلیمی ادارے صوبہ میں تعلیم کے فروغ
میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں اور ان کی بدولت مختلف شعبوں میں نمایاں
کارکردگی کے حامل افراد سامنے آرہے ہیں۔
گورنر سندھ محمد زبیر نے روٹس ملینیم یونیورسٹی کالج کے دورے کے موقع پر
طالب علموں سے خطاب کرتے ہوئے کہا نجی اسکولز ، کالجز کے ساتھ ساتھ اب
مختلف شعبوں کی جامعات بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ انہوں نے
کہا کہ صحت اور تعلیم سماجی شعبہ کے اہم جزو ہیں۔ کوئی بھی معاشرہ اچھی اور
معیاری تعلیمی سہولیات کے بغیر ترقی و خوشحالی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پرائمری ، سیکنڈری اور اعلیٰ تعلیم کے شعبوں پر
توجہ دے رہی ہے خصوصاً جامعات کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے
جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نجی جامعات کی جانب سے اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی اور کیمپس
میں جدید ترین سہولیات کی فراہمی نہایت خوش آئند ہے اس سے نہ صرف طالب
علموں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ انہیں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے
کا حوصلہ بھی مل رہا ہے۔
انہوں نے روٹس ملینیم یونیورسٹی کالج کے طالب علموں کے جذبہ کی تعریف کرتے
ہوئے انہیں تلقین کی کہ وہ اس جذبہ کو برقرار رکھیں تاکہ اپنی عملی زندگی
میں اعتماد کے ساتھ داخل ہوسکیں۔ روٹس ملینیم اسکولز کے سی ای او فیصل
مشتاق ملک نے کالج آمد پر گورنر سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گورنر
سندھ کو اپنے ادارے کے تحت چلنے والے مختلف اسکولز ، کالجز کے بارے میں
تفصیل سے بریفنگ دی بعد ازاں گورنرسندھ نے کالج کے مختلف حصوں کا معائنہ
بھی کیا۔
اس موقع پر روٹس ملینیم اسکول کے سی ای او فیصل مشتاق ملک بھی موجود تھے۔