لاہور،صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کااجلاس
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا کہناہے کہ بہتر کوالٹی کیلئے ہسپتالوں میں ادویات کا بجٹ گذشتہ سال کی نسبت دوگنا کردیاہے۔
صوبائی وزیر صحت نے مقامی ہوٹل میں پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈ
کوارٹرز ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ
ڈینگی کی وباء پر قابو پانے اورمریضوں کے علاج میں پنجاب کی مدد اور تعاون
پر خیبر پختونخواہ کے عوام وزیراعلیٰ شہبازشریف اور محکمہ صحت کے ڈاکٹرز
اور ماہرین کو دعائیں دے رہے ہیں،پشاور ہائی کورٹ میں سماعت کے دوران فاضل
جج نے بھی ڈینگی کی روک تھام اور مریضوں کے علا ج میں پنجاب کے ڈاکٹرز کی
مہارت کو سراہا جو ہمارے لئے باعث فخر ہے ۔
خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال شیخوپورہ اور اٹک نے پنجاب
ہیلتھ کیئر کمیشن کے ایم ایس ڈی ایس کو حاصل کرلیاہے جو بہت اعلیٰ کارکردگی
ہے،انہوں نے کہاکہ دیگر ہسپتالوں کو بھی انکی تقلید کرنی چاہیے،وزیرصحت نے
کہا کہ حکومت نے ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں کے ادویات کے بجٹ کو
گذشتہ سال کے بجٹ کے مقابلے میں دوگنا کردیاہے او راعلی کوالٹی کی ادویات
فراہم کی جارہی ہیں ۔
خواجہ عمران نذیر نے ہدایت کی کہ کانگو اور ا نفلونزا کی روک تھام او
رمریضوں کے علاج معالجے کیلئے فول پروف اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں ایک
چیک لسٹ تیار کرلیں جسکے مطابق تمام اقدامات کو یقینی بنایاجائے ۔اجلاس میں
ہسپتالوں کی ری ویمپنگ ، سی ٹی سکین مشینوں اور ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ کیلئے
انسیزیٹرز کی تنصیب ، جنیٹوریل اور لیبارٹری سروسز کی آؤٹ سورسنگ اور سٹاف
کی ٹریننگ و کیپسٹی بلڈنگ کے معاملات میں پیش رفت کا جائزہ بھی لیاگیا۔
اس موقع پر سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان ، پی ایس پی یوکے ڈائریکٹر محمد خان
رانجھا ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق منظور ، ڈاکٹر مختارحسین سید، پی ایم
یو کے ڈائریکٹر محمد عثمان ، پنجاب ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام ،مدر اینڈ
چائلڈ ہیلتھ پروگرام کے افسران اور تمام متعلقہ ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان
نے شرکت کی ۔