Aug 31, 2017 07:29 pm
views : 644
Location : Ministry of Foreign Affairs Office
Islamabad- Foreign Office Spokesman Nafees Zakaria weekly briefing
اسلام آباد ، امریکا سے اعلیٰ سطح کا کوئی رابطہ نہیں ہوا،ترجمان دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ ٹرمپ کی پاکستان مخالف الزام تراشی کے بعد
سے پاکستان اور امریکا کے درمیان کوئی اعلی سطح کا رابطہ نہیں ہوا۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس
ذکریا نے امریکہ کیساتھ بہت سے شعبہ جات میں ملکر کام کیا ہے اور دونوں طرف
مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی خواہش موجود ہے، تاہم پاکستان اور امریکہ
کے درمیان فی الحال کوئی اعلی سطح کا رابطہ نہیں ہوا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں امریکی کمانڈر جنرل نکلسن کا بیان
غیرضروری اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کی جنگ پاکستان
کی زمین پر نہیں لڑی جا سکتی، افغان کے مسئلے کا حل فوجی نہیں سیاسی ہے۔
نفیس ذکریا نے کشمیری حریت رہنماوٴں کو حراست میں لینے پر تشویش کا اظہار
کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ
جاری ہے، سات ہزار سے زائد کشمیریوں کی بینائی پیلٹ گنز کے استعمال سے
متاثر ہوئی، گذشتہ جولائی سے اب تک مقبوضہ کشمیر میں 160 سے زائد نہتے
کشمیریوں کو شہید کیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا معاملہ یورپی
یونین میں اٹھایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سابق پاکستانی سفارتکار عبدالباسط اور امریکا میں
سفیر اعزاز چوہدری کے درمیان محاذ آرائی پر کہا کہ موجودہ حالات میں
عبدالباسط کے مبینہ خط پر کوئی بحث نہیں کرنی چاہیے، پاکستان کی خارجہ
پالیسی کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، چیلنجز سے نمٹنے کے لئے ہمیں ایسی
باتوں سے گریز کرنا ہوگا۔
نفیس ذکریا نے سفراء کانفرنس کے بارے میں بتایا کہ وزیر اعظم کی صدارت میں
سفرا کانفرنس 5 سے 7 ستمبر کو ہوگی، وزیر خارجہ خواجہ آصف نے چارج
سنبھالنے کے بعد کانفرنس بلائی ہے، یہ معمول کی سفرا کانفرنس ہے جس میں
خارجہ پالیسی کو درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا جائے گا۔