لا ہور ،عیدالاضحی کے موقع پر قبرستانوں میں فاتحہ خوانی کیلئے آنے والوں کا رش
عیدالاضحی کے موقع پر لوگوں کی جانب سے بچھڑے ہوؤں کو یاد کرنے کیلئے
قبرستانوں پر حاضری دی گئی اور اپنے پیاروں کیلئے فاتحہ خوانی کے علاوہ
مغفرت اور بخشش کی دعائیں کی گئیں۔عیدالاضحی کے دن قبرستانوں میں فاتحہ
خوانی کیلئے آنے والوں کا رش بڑھ جاتا ہے اور لوگ اپنے پیاروں کی قبروں پر
فاتحہ خوانی کیلئے جوق در جوق قبرستانوں کا رخ کررہے ہیں۔
شہر کے مختلف قبرستانوں میں بھی دار فانی سے رخصت ہو جانے والے رشتہ داروں
،دوستوں اور عزیزو اقارب کی قبروں پر مٹی ڈالنے اور شکستہ قبروں کی مرمت
کرنے سمیت فاتحہ خوانی کے لئے قبرستانوں میں آنے والے لوگوں کا رش لگا ہوا
ہے۔ قبرستانوں میں موجود ان افراد میں سے بہت سے اپنے پیاروں کی قبروں کے
پاس بیٹھ کر کلام الہٰی کی بلند آواز سے تلاوت کرتے بھی نظر آرہے ہیں۔
ان دنوں بھی قبرستانوں میں آنے والے افراد قبروں کی رکھوالی کرنے والے
گورکنوں کوکچھ رقم دے جاتے ہیں جس پر ان کی گزراوقات کا انحصار ہوتاہے۔ عید
کے موقع پر جب ہر شخص کے دل میں خوشیوں کا ڈیرہ ہوتا ہے تو اس موقع پر
دنیا سے چلے جانے والے بھی شدت سے یاد آتے ہیں۔
لوگ اپنے مرحومین کی قبروں پر گل پاشی کیلئے پھول بھی خریدتے ہیں جس سے
قبرستانوں کے باہر براجمان پھول فروشوں کے پھولوں کی فروخت میں بھی اضافہ
ہو جاتا ہے۔