راولپنڈی،آرمی چیف نے عید کا دوسرا دن بلوچستان میں تعینات جوانوں کے ساتھ گزارا
عید کے دوسرے روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کا دورہ
کیااورتربت اور گوادر میں پاک فوج کے جوانوں اور مقامی عمائدین سے ملاقاتیں
کی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے عید الاضحیٰ کا دوسرا روز بھی جوانوں کے
ساتھ گزارا اور دور دراز علاقوں میں وطن کی حفاظت کیلئے مامور جوانوں کے
عزم اور حوصلے کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار کا جوانوں
سے خطاب میں کہنا تھا کہ ہم اپنے عزم اور حوصلہ کے ساتھ خدمات انجام دیتے
رہیں گے، دور دراز اور مشکل ترین علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دینا ہمارے لئے
فخر کی بات ہے, آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سلامتی اور ترقی
ہمارے لئے انتہائی اہم ہے، صوبے کی ترقی اور قیام امن کیلئے تمام ریاستی
اداروں سے تعاون جاری رکھیں گے،بلوچستان کے تمام ترقیاتی منصوبے مکمل
ہونگے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے 17 جولائی کو پشاور میں شہید ہونے والے
میجر جمال کے اہل خانہ سے ملاقات بھی کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے
فاتحہ خوانی کی، خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے
وادی راجگال کا دورہ کیا اور پاک افغان سرحد پر تعینات جوانوں کے ساتھ عید
منائی تھی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ہماری زندگیاں
صرف پاکستان کیلئے ہیں، کوئی شخصیت یا چیز ملک سے بڑی نہیں، انشاء اللہ مل
کر پاکستان کو بہترین ملک بنائیں گے۔