میاں والی، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 340 میگا واٹ کے حامل چشمہ سی فور منصوبے کا افتتاح کر دیا
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 340 میگا واٹ کے حامل چشمہ سی فور منصوبے کا افتتاح کر دیاہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا آج 8 ماہ بعد پانچویں
بجلی گھر سی فور کا افتتاح خوش آئند ہے جبکہ نومبر 2017 کے بعد ہم ملک سے
لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے قابل ہونگے،منصوبوں کی تکمیل کے لیے چینی حکومت
اور اداروں کے مشکور ہیں، جوہری توانائی پلانٹس سے سستی بجلی پیدا ہو رہی
ہے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانا حکومت کی اولین ترجیح ہے،دس ہزار میگا واٹ کے منصوبے آئندہ جون تک مکمل کر لئے جائیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزیدکہا کہ نوازشریف کے وژن کے مطابق توانائی منصوبوں
کی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ چینی حکومت اور عوام کی مدد کے بغیر یہ
منصوبے مکمل نہیں ہو سکتے تھے، منصوبے مکمل ہو کر ملک کو روشن کریں گے اور
ماحول کو صاف کرنے میں بھی کردار ادا کریں گے۔
واضح رہے کہ چشمہ ایٹمی بجلی منصوبے کے سی ون، سی ٹو اور سی تھری یونٹ
بالترتیب دوہزار ، دوہزار گیارہ اور دوہزار تیرہ سے کامیابی سے قومی گرڈ
میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ دو بڑے ایٹمی بجلی گھر کے ٹو اور کے
تھری کراچی کے قریب زیر تعمیر ہیں جو دوہزار بیس اور دوہزار اکیس میں کام
شروع کردیں گے،ان بجلی گھروں سے قومی گرڈ میں دوہزار دوسو میگاواٹ بجلی
شامل کی جائے گی۔