Sep 08, 2017 06:55 pm
views : 722
Location : Karachi University
Karachi- KU Vice Chancellor Press Conference
کراچی،جامعہ کراچی میں دہشتگردوں کا کوئی ونگ نہیں،وائس چانسلر جامعہ کراچی
جامعہ کراچی کے وائس چانسلرڈاکٹر اجمل خان کا کہنا ہے کہ جامعہ میں
دہشتگردی کا کوئی ونگ نہیں چل رہاجبکہ طلبا تنظیموں کی بحالی ہونی چاہیے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اجمل خان
نے کہا کہ یونیورسٹی میں دہشت گردوں کا کوئی ونگ نہیں، معمولی واقعے کو
بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے، خامیوں کو اس طرح بیان کریں گے تو جامعہ کو
نقصان ہوگا، سیکورٹی فراہم کرنا ہمارا نہیں، اداروں کا کام ہے،ان کے ساتھ
تعاون کے لئے تیار ہیں،ہم حساس اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں،ڈاکٹر اجمل خان نے
کہاکہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کررہے جس سے طلبہ پریشان ہوں، کیریکٹر سرٹیفکیٹ
لازمی قرار دینے اور طلبا کا ریکارڈ سیکورٹی اداروں کو فراہم کرنے کا فی
الحال فیصلہ نہیں کیا گیا۔
وائس چانسلرنے کہا کہ جامعہ کو ہم سب کو مل کرتعلیم اورتحقیقات کا حب بنانا
ہے، ریسرچ اورکھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے پیسے نہیں دیے جائیں گے تو دوسرے
رجحانات پیدا ہوں گے، جامعہ کراچی سیکیورٹی کے حوالے سے دیواریں، سی سی ٹی
وی کیمروں کی تنصیب اور نئے سیکیورٹی گارڈ رکھنے پر کام کررہی ہے۔
اجمل خان نے جامعہ کراچی کے مالی بحران کے حوالے کہا کہ جامعہ کی مالی حالت
انتہائی خراب ہے، پاکستان کی سب سے بڑی جامعہ اس طرح نہیں چل سکتی، جامعہ
کا وی سی ہرمہینے کی 15 تاریخ کے بعد صرف یہ سوچتا ہے کہ وہ اپنے ملازمین
کوتنخواہ کیسے دے جوبہت بڑا المیہ ہے، جامعہ کراچی پاکستان بہترین سرکاری
یونیورسٹی رہی ہے، جامعہ کراچی کے طلبا نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا،
جامعہ کراچی نے پچھلے سال چھ سو پیپر چھاپے۔
وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی نے کہاکہ مجھ سے کہا جاتا ہے کہ فیس بڑھائی
جائے پر فیس بڑھانا مسائل کا حل نہیں جب کہ دنیا بھر میں پبلک سیکٹر
یونیورسٹیاں ٹیوشن فیسوں پر نہیں چلتیں، فیسوں میں اضافہ کرکے طلبا پر
تعلیم کے دروازے بند کرنا نہیں چاہتے،جامعہ کراچی منی میکنگ ادارہ نہیں ہے۔
ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں ریسرچ کا کام نہیں
ہورہا،گرانٹ ملے تو آلات خریدلیتے ہیں لیکن انکی مرمت کے پیسے نہیں ہوتے،
ملک کی سب سے بڑی جامعہ ایسے نہیں چل سکتی،حکومت ہم پر اعتماد کرے ہماری
مالی مدد کرے،یونیورسٹی کو درپیش مسائل کاذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر اجمل خان نے
کہا کہ جامعہ کراچی ملک کی سب سے بڑی جامعہ ہے ،یونیورسٹی کو فنڈز میسر
نہیں ہیں، جب ادارہ خسارے میں ہوتو توجہ اس بات پر ہوتی ہے ملازمین کو
تنخواہ کیسے دی جائے، جامعہ کراچی اسی وقت ہی آگے بڑھے گی جب مالی مسائل حل
ہونگے۔