پشاور، بی آر ٹی منصوبے کے تحت کروڑوں روپے کی لاگت سےبنا انڈر پاس توڑ دیا گیا،شہریوں کا مشکلاٹ کا سامنا
پشاور بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے جی ٹی روڈ ہشتنگری میں کروڑوں روپے سے بنا
انڈر پاس کو توڑ دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے لوگوں کو سڑک پار کرنے میں
مشکلات کا سامنا ہے اور ساتھ ہی انڈر پاس میں موجود درجنوں دکانوں کو توڑنے
سے لوگ بے روزگار بھی ہو گئے ۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے دس سال پہلے ہی انڈر پاس بنایا تھا جس سے
شہریوں کو سڑک پار کرنے میں آسانی ہوتی تھی لیکن اب بی ار ٹی منصوبے کو
پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے انڈر پاس کو توڑ کر لوگوں کو مشکلات میں ڈال
دیا ہے کیونکہ سڑک پار کرنے میں مشکلات کے ساتھ حادثات میں بھی اضافہ ہو
رہا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور
مطالبہ کرتے ہیں کہ حکومت کو پہلے اس کا متبادل بنانا چاہیے تھا کیونکہ اس
کی وجہ سے بچوں اور عورتوں کو سڑک پار کرنے میں مشکل پیش آرہی ہیں اور انڈر
پاس میں کروڑوں روپے کی دکانیں توڑ کر لوگوں کو بے روزگار کر دیا ہے۔
اس موقع پر ذرائع ابلاغ عامہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی شہری
حاجی افضل کا کہنا تھا کہ حکومت نام نہاد تبدیلی کے دعوے نہ کرے یہاں پشاور
میں ہزاروں مزدور بے روزگار ہیں ۔
بزرگ شہری امین جان کا کہنا تھا کہ حکومت کروڑوںروپوں کے منصوبے بنارہی ہے،اور خود ہی انہیں توڑ بھی رہی ہے۔
موامی یونیورسٹی کے طالب علم جمال خان کا کہنا تھا کہ یہاں سے گزرنے میں
بہت مشکلات ہوتی ہیں یہاں گرلز کالج بھی ہے جبکہ خواتین کو بھی مشکلات کا
سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سرفراز اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے شہر کی خوبصورتی کے لئے اتنے کام کئے اور اب انہیں توڑ بھی رہی ہے۔