سکھر ، نیشنل ہائی وے کے ملازمین کا دوبارہ انٹرویو کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ملازمین کی بڑی تعداد نے سکھر میں نیشنل ہائی وے
اتھارٹی کے دفتر کے سامنے ملازمت پر برقرار رکھنے کے لئے محکمے کی جانب سے
دوبارہ انٹرویو لینے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے بتایاکہ ہمیں آٹھ سال قبل ملک
کی اعلی عدالت سپریم کورٹ کے احکامات پر مستقل کیاگیاتھا لیکن اب ہمیں بے
روزگار کرنے اور ہمارے خاندانوں کو دوبارہ فاقہ کشی میں مبتلا کرنے کے لیے
سازش کی جارہی ہے۔
محکمے کے اس عمل سے ملک بھر میں سپریم کورٹ کے احکامات پرمستقل کیے گئے
انتیس سو ملازمین متاثر ہونگے ،اگر محکمے کی جانب سے انٹرویو ہی کرنے تھے
تو جس وقت مستقل کیا جارہا تھا اسی وقت کیے جاتے اب انٹرویو کرنے کا کوئی
جواز نہیں بنتا یہ ہمیں بیروزگار کرنے کی کوشش ہے جس کو کسی طور کامیاب
نہیں ہونے دیا جائے گا اور اس کے خلاف ہر سطح پر جائیں گے۔
مظاہرین نے سپریم کورٹ سے محکمے کے حکام کے اس عمل کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔