گجرات، حکومت کی نااہلی کی قیمت عوام چکاتی ہے،عمران خان
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی کی
قیمت عوام چکاتی ہے,بھارت میں بجلی اور گیس پاکستان سے سستی ہے، تعلیم اور
صحت پر پیسہ خرچ کئے بغیر قومیں آگےنہیں بڑھ سکتیں۔
گجرات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے مزید کہا کہ ہم ایک نئی قسم
کی سیاست کررہے ہیں، ہم عوام سے رائے لیں گے، وہ ہمیں بتائیں کہ ہم عوام
کے لئے کیا کرسکتے ہیں۔ ایسی حکومت نہیں چاہیے جو ملک وقوم کا پیسہ چوری
کرکے باہر لے جائے، کیا یہ حقیقی جمہوریت ہے، اللہ نے اس قوم کو سب کچھ دیا
ہے لیکن بدقسمتی سے سالوں سے اس ملک پر قابض ان لٹیروں نے ملک کو کنگال
کردیا ہے جس کا حساب ہم حکوت میں آکر لیں گے اور قوم کی لوٹی گئی ایک ایک
پائی ان سے نکلوائیں گے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ ایسی حکومت نہیں چاہیے جوقرض لے کرملک پر بوجھ
ڈالے۔ پیسہ کا حساب نیب نے نہیں نواز شریف نے دینا تھا، میاں نواز شریف اور
ان کی فیملی کی ذمہ داری تھی کہ وہ بتائیں کہ پیسہ کہاں سے آیا؟ الٹا یہ
لوگ نیب سے اپنے سوالوں کا جواب مانگ رہے ہیں، یہ تو ایسا ہی ہے کہ ایک چور
کو پولیس پکڑ لے اور وہ چور سے پوچھیں کہ بتائو چوری کہاں اور کیسے کی؟
لیکن وہ الٹا تھانیدارسے کہے کہ آپ پہلے میرے سوالوں کا جواب دیں تو اس پر
پولیس اسے کے ساتھ کیا سلوک کرے گی، یہ سب آپ جانتے ہیں کہ تھانیدار چور
کے اس رویہ پر ایسے شخص کی چھترول ہی کر ے گا۔