کراچی ، بزنس ایجوکیشن کی جانب طلبہ کا رجحان خوش آئند ہے،گورنرسندھ
گورنرسندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے نوجوان با صلاحیت ، وڑنری،
محنتی،متحرک ،ذہین اور فطری صلاحیتوں سے مالا مال ہیں، ماضی کی بنسبت آج کے
نوجوان با الخصوص خواتین کا طب ، انجینئرنگ اور دیگر شعبوں کے بجائے بزنس
تعلیم پر رجحان بڑھتا جارہاہے ،سائنس و ٹیکنالوجی ، صنعتی ترقی ، تجارت اور
کاروباری سرگرمیوں کے باعث بزنس ایجوکیشن وسعت اختیار کرتی جارہی ہے جہاں
ہروقت کام کی بہت گنجائش رہتی ہے، اس ضمن میں صنعتی فعالیت ، تجارت و
کاروباری سرگرمیوں کو نئی جہت دینے اور سرمایہ کاری کے مواقعوں سے بھرپور
استفادہ حاصل کرنے میں اعلیٰ تعلیم یافتہ بزنس گریجویٹس اہم کردار ادا
کررہے ہیں۔
گورنر سندھ نے کراچی اسکول آف بزنس اینڈ لیڈر شپ کے زیر اہتمام نامور افراد
کے لیکچرز کی سیریز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بزنس گریجویٹس ملک
اور بیرون ممالک بہت اچھا کام کررہے ہیں با الخصوص ملٹی نیشنل کمپنیوں میں
اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان اپنی بھرپور صلاحیتوں سے ملک و قوم کا نام روشن
کررہے ہیں ان نوجوانوں کے باعث دنیا بھر میں پاکستان کو ممتاز حاصل ہے جو
کہ خوش آئند بات ہے۔
محمدزبیر نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد پاکستان اقتصادی لحاظ سے
مستحکم ہو رہاہے ، غیر ملکی سرمایہ کاری میں تسلسل سے اضافہ ، صنعتی فعالیت
، تجارتی و کاروباری سرگرمیوں کے بڑھنے کے باعث بزنس گریجویٹس کی اہمیت
بہت بڑھ چکی ہے اس ضمن میں آئی بی اے سمیت دیگر تعلیمی ادارے بزنس گریجویٹس
کی تعلیم کی فراہمی کے لئے عصرحاضر سے ہم آہنگ ، قومی تقاضوں اور علمی
ضروریات کے مطابق نصاب کی تشکیل دے رہے ہیں جس سے نوجوانوں کو عصر حاضر میں
ہونے والی تبدیلیوں کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے مواقع حاصل ہورہے
ہیں۔
اس موقع پر اسکول کے ڈین ڈاکٹر ذیشان احمد ، پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے چیئر مین منیر کمال اور طالب علموں کی بڑی تعداد موجود تھی۔