لاہور ، رائیونڈ خودکش حملے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
رائیونڈ اجتماع گاہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر خود کش حملے میں شہید ہونے والے 5 اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
قلعہ گجر سنگھ پولیس لائنز میں شہدا کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں گورنر
پنجاب رفیق رجوانہ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، کور کمانڈر لاہور لیفٹننٹ
جنرل عامر ریاض، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات سمیت پولیس
اہلکاروں اور افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
شہید محمد سعید، اسلم، منظور، تنویر اور سعید کی میتیں تدفین کے لئے آبائی
علاقوں کو بھجوائی جائیں گی جس کے بعد انہیں مکمل اعزاز کے ساتھ سپرد خاک
کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رائیونڈ اجتماع گاہ کے باہر قائم پولیس چیک پوسٹ کے
قریب تقریباً پونے 9 بجے خودکش حملہ ہوا جس کے نتیجے میں 13 پولیس اہلکاروں
سمیت 25 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس کے مطابق جس وقت اے ایس پی زبیر نذیر بریفنگ دے رہے تھے اسی وقت موٹر
سائیکل پر سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔پولیس حکام نے
اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حملہ آور نے تین سے چار کلو بارودی مواد خود کش
جیکٹ میں لگایا ہوا تھا۔
دھماکے کے مقام سے مشتبہ دہشت گرد کے جسم کے اعضاء بھی ملے جنہیں فرانزک تجزیے کے لیے لیب بھجوادیا گیا ہے۔