لاہور ،بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج دوسرے روز میں داخل
لاہور میں بلدیاتی نمائندوں کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہوگیا ہے،مظاہرین
نے چیئرنگ کراس پر دھرنا دے رکھا ہے جبکہ وائس چیئرمینزنے ناشتہ بھی
چیئرنگ کراس پر کیا ،وائس چیئرمین اپنے حقوق کے لئے چیئرنگ کراس پر دھرنا
دیے ہوئے ہیں جبکہ اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی بھی کر رہے ہیں۔
دھرنے میں شامل وائس چیئرمینز اور کونسلرز کاکہنا ہے کہ (ن) لیگ کی قیادت
ووٹ کی حرمت کی مہم چلا رہی ہے لیکن ہمارے ووٹ کو اہمیت نہیں دی جارہی،
چیئرمین اور وائس چیئرمین کا ووٹ برابر ہے لیکن ہمیں اختیارات نہیں دئیے
گئے ، چیئرمین کے ساتھ دستخط کرنے کی اتھارٹی دی جائے ، ہائوس کا ممبر
بنایا جائے اور ترقیاتی فنڈز دئیے جائیں تاکہ ہم اپنے ووٹرز کے مسائل حل کر
سکیں ۔
مظاہرین کاکہنا تھاکہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پارٹی کو خیر
باد کہہ دیں گے اور آئندہ عام انتخابات میں کسی صورت بھی حمایت نہیں کریں
گے۔