Mar 16, 2018 04:08 pm
views : 444
Location : CM Secretariat
Lahore- CM Punjab Shahbaz Sharif chairs High Level Meeting
لاہور ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس
لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
ترجمان وزیر اعلیٰ ہاؤس کے مطابق اجلاس میں رائیونڈ میں ہونے والے دھماکے
کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی۔اجلاس میں پاکستان سپر لیگ تھری کے لاہور میں
منعقد ہونے والے میچوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا
گیا۔اجلاس میں رائیونڈ دھماکے کی شدید مذمت کی گئی۔
ترجمان کے مطابق شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی عظیم
قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔شہداء کے درجات کی
بلندی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہارائے ونڈ میں دھماکہ ملک
کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ایک گھناؤنی سازش ہے۔ دھماکے میں شہید
ہونے والے پولیس اہلکاروں اور دیگر افراد کی لازوال قربانیوں کو رائیگاں
نہیں جانے دیا جائے گا۔ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ
ہیں۔
محمد شہبازشریف نے کہاموجودہ حالات کے تناظر میں پی ایس ایل تھری کے میچوں
کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں گے۔تمام
متعلقہ اداروں کو قریبی رابطہ رکھتے ہوئے مشترکہ اقدامات کے ذریعے انتظامات
کو خوب سے خوب تر بنانا ہے۔دشمن پاکستانی قوم کو خوش نہیں دیکھنا چاہتا
لیکن ہم نے اجتماعی کاوشوں اور مشترکہ بصیرت سے دشمن کے عزائم کو ناکام
بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہامیچوں کی سکیورٹی اور دیگر انتظامات گزشتہ برس لاہور
میں ہونے والے پی ایس ایل فائنل سے بڑھ کر ہونے چاہئیں۔سٹیڈیم کے اندر اور
باہر بہترین انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔کابینہ کمیٹی اس ضمن
میں کئے جانے والے ہر اقدام کی خود نگرانی کرے۔انتظامات کا موقع پر جا کر
جائزہ لیا جائے۔پرامن اور محفوظ ماحول میں میچوں کا انعقاد یقینی بنایا
جائے گا۔
صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ایوب گادھی، بلال
یاسین، جہانگیر خانزادہ، خواجہ عمران نذیر، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی،
چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس، متعلقہ
محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔